لاہور (نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت لاہور کو سموگ سے نجات نہ مل سکی، لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا بھر کے شہروں میں دوسرے نمبر پر رہا ۔بدھ کے روز شہر کا اوسط ایئرکوالٹی انڈیکس 308ریکارڈ کیا گیا ، مال روڈ کا اے کیو آئی308اور عامر ٹاﺅن میں 356رہا ، موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق لاہور کا درجہ حرارت کم سے کم 13جبکہ زیادہ سے زیادہ 26ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوا جبکہ شہر میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں۔ادھر فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کو خشک کھانسی اور سانس لینے میں دشواری جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، گزشتہ 2روز میں شہر کے 5بڑے ہسپتالوں میں سموگ سے متاثرہ 2ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔جناح ہسپتال میں900،میو ہسپتال 850جبکہ گنگارام میں700مریض رپورٹ ہوئے اس کے علاوہ متعدد مریضوں نے سروسزاور جنرل ہسپتال کا بھی رخ کیا۔