اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزارت داخلہ نے ممنوعہ بور اسلحہ لائسنس سے متعلق ملک بھر میں نئی پالیسی جاری کرد ی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے ممنوعہ بور اسلحہ لائسنس کیلئے نئی پالیسی جاری کردی، ممنوعہ بور اسلحہ لائسنس پر صرف واہ آرڈیننس سے ہتھیار خریدا جاسکے گا، ممنوعہ بور اسلحہ خریدنے کی نئی پالیسی کا اطلاق 14نومبر سے ملک بھر میں کردیا گیا ہے۔وفاقی وزارت داخلہ کی نئی پالیسی کے بعد وزارت داخلہ پنجاب نے ممنوعہ اسلحہ ڈیلرزلائسنس کی تجدید پر پابندی عائد کردی ہے، ملک بھر میں ممنوعہ بور ہتھیاروں کے اسلحہ ڈیلرز کی تعداد سات ہے جن کا تعلق پنجاب سے ہے۔ لاہور میں 3 جبکہ راولپنڈی میں 4 اسلحہ ڈیلرز موجود ہیں۔ وزارتِ داخلہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان آرڈننس فیکٹری کے علاوہ کسی بھی ڈیلر کی رسیدیں قابلِ قبول نہیں اس حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلحہ ڈیلرز ممنوعہ بور ہتھیار فروخت نہیں کرسکتے، اسلحہ ڈیلرز لائسنس ہولڈرز کو بھی ممنوعہ بور ہتھیار فروخت نہیں کرسکتے۔نوٹیفکیشن کے مطابق لائسنس پاکستان آرڈننس فیکٹری سے خریدے گئے اسلحے کا ہی بنے گا، پی او ایف کے علاوہ کسی ڈیلر سے خریدے اسلحے کا لائسنس نہیں بنے گا۔ نادرا ذرائع کے مطابق لائسنس ہولڈرز صرف پاکستان آرڈننس فیکٹری سے اسلحہ خرید سکتے ہیں۔