اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد ہائیکورٹ میں 15 نومبر سے عدالت میں کیس کے لیے پیش ہونے والے وکلا کے لیے گاون پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سینئر وکیل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل بغیر گاون پہنے روسٹرم پر آئے جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے دوران سماعت وکلاءسے مکالمہ کرتے ہوئے کہا معذرت کے ساتھ آپ لوگوں کو ہائیکورٹ کے احکامات کا پتہ نہیں ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ آپ سینئر وکیل ہیں اور ایک ڈپٹی اٹارنی جنرل بھی ہیں لیکن دونوں بغیر گاون کے؟ دوران سماعت وکلاءنے اپنے رویے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ گاون پہن کر عدالت پیش ہوں گے۔ چیف جسٹس اسلام آباد نے کہا کہ 15 نومبر سے عدالت پیش ہونے پر گاون پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، خود بھی گاون پہنیں اور جنہوں نے نوٹیفکیشن نہیں دیکھا انہیں بھی آگاہ کریں۔