اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ اسد عمر سے رابطے میں ہیں، پارٹی میں آنے کا نہیں کہا۔احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر محمود کیانی نے کہا کہ اسد عمر کے ساتھ طویل سفر کیا ہے، افسوس اچھے فیصلے نہیں کرسکے جو لیڈر شپ کو کرنے چاہیے تھے۔عامر محمود کیانی نے کہا کہ عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے، اپنی ذات کے لیے سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے، عوام کے لیے کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ساری زندگی تحریک انصاف میں رہا اور تمام وسائل پی ٹی آئی کو دیے، پی ٹی آئی کے لیے محنت کی لیکن فیصلے غلط ہوئے تو قیمت چکانی پڑتی ہے، آئی پی پی بھی ساری پی ٹی آئی ہے اور فیملی کی طرح ہے۔عامر محمود کیانی نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی میں سب ایماندار ہیں، لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ہوگی، ہر دور میں ایسا ہوا، استحکام پاکستان پارٹی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ عوام کی بہتری کے لیے پوری پی ٹی آئی استحکام پاکستان پارٹی میں آجائے، فواد چوہدری سے کوئی اختلاف نہیں وہ ہمارے بھائی ہیں۔