بدین(نمائندہ خصوصی ) ٹھٹھہ اور مکلی کے قریب مین قومی شاہرہ پر روڈ کنارے کھڑی سوزوکی گاڑی کو تیز رفتار ٹینکر نے زوردار ٹکر مارتے ہوئے گاڑی پر سوار مسافروں کو کچلتا ہوافرار ہو گیا۔خوف ناک تصادم کے نتیجے میں موقع پر ہی تین افراد ممتازگوپانگ،کریم بخش سامی غلام اور حسین لغاری موقع پر ہی جاںبحق ہوگئے جبکہ زخمیوں میں بشیرہ ،رخسان سنہری، ایک سالہ بچی ثمینہ اور دیگر شامل ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق جان بحق افراد اور زخمی جائے حادثہ پر ایک گھنٹے تک ٹرپتے رہے جس کے بعد ایدھی کی ایمبولینس نے میتوں اور زخمیوں کو سول اسپتال ٹھٹھہ منتقل کیا. زخمیوں کے ساتھ آئے ان کے رشتہ داروں نے بتایا کہ ہم نے سوزوکی گاڑی روڈ کے کنارے سائیڈ میں کھڑی کی تھی کہ دو تیز رفتار ریس لگاتے ہوئے ٹیکروں میں سے ایک ٹینکر سوزوکی پر چڑھ گیا اور سوار مسافروں کو کچلتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا
انہوں نے بتایا کہ خوش قسمتی سے گاڑی سے نیچے اترنے والے چھ افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔جاں بحق ہونے والے سوزکی مالک ممتازگوپانگ اور دیگر زخمیوں کی اکثریت کا تعلق بدین کے مختلف علاقوں سے ہے۔خوف ناک حادثہ کی اطلاع ملنے پر بدین میں سوگ کی فضا چھا گئی اور گھر میں گہرام مچ گیا۔مرحوم ممتاز گوپانگ بدین کے سنئیر صحافی ہارون گوپانگ کے کزن ہیں۔مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین میں سیاسی سماجی کاروباری شخصیات شہریوں اور صحافیوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔مرحوم کو بدین کے مقامی قبرستان ماہ ولی میں سپرد خاک کردیا گیا ۔