کراچی( بیورو رپورٹ ) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز سینیٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کے بارے عدالتی فیصلے کے خلاف سینیٹ کی قرارداد قابل تحسین ہے جس سے یقینی طور پر شہداء کے لواحقین میں پائی جانے والی بے چینی میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ دن رات ایک کرکے وطن عزیز کے دفاع و سلامتی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کا خون ہی ہماری آزادی کا ضامن ہے اور شہداء کا پوری قوم پر احسان ہے جنہوں نے ہر محاذ پر دشمن کو ناکام بنانے کے لئے اپنی جانوں کی بھی پرواہ نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ یہاں اپنی نااہلی اور ناکامیوں کا اعتراف کرنے کے بجائے اس کا ملبہ عسکری اداروں پر ڈالنے کی ریت ہے اور اب اس میں تیزی آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی برین واشنگ کرکے بین الاقوامی سازش میں معاون کا کردار ادا کیا گیا اور سیاست کے نام پر فساد پھیلایا گیا جس کے باعث عسکری تنصیبات اور شہداء کی یادگار پر حملے ہوئے۔ ایسا کرنے والے کسی معافی کے حقدار نہیں ہیں اور شہداء کے لواحقین کی تسکین کے لئے ضروری ہے کہ ایسے جرائم میں ملوث لوگوں کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کے خلاف عدالتی فیصلہ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں کرتا ہے اسی لئے اس فیصلے پر نظرثانی ہونی چاہئے اور ملک کے لئے جانیں نچھاور کرنے والے عظیم قومی سپوتوں اور عسکری اداروں کے وقار کے تحفظ کے لئے موثر ترین اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پوری قوم سے درخواست کی کہ پاکستان کے عالمی دشمنوں کی سوشل میڈیا کی جھوٹی‘ زہریلی اور پروپیگنڈہ مہم کا شکار نہ بنیں اور ملک کے استحکام اور سربلندی کے لئے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ چلیں اور کسی بھی صورت مسلح افواج کی عزت و وقار میں کمی والے اقدامات کی حمایت کرنے کا جرم نہ کیا جائے۔ پاکستان کی مسلح افواج کے باعث ہی پاکستان دنیا کے نقشے پر واحد اسلامی ایٹمی طاقت کے طور پر موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج کے خلاف غلط بات کرنے والا‘ لوگوں کو اکسانے والا‘ میڈیا پروپیگنڈہ کرنے والا چاہے کوئی بھی ہو‘ اسے معاف نہیں کیا جانا چاہئے۔