کراچی ( نمائندہ خصوصی) نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے گنے کی کم از کم قیمت 425 روپے فی من مقرر کر دی۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت محکمہ زراعت کا اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری ڈاکٹر فخر عالم، ایڈوکیٹ جنرل حسن اکبر، سیکریٹری خزانہ کاظم جتوئی، سیکریٹری زراعت اعجاز شاہ، سیکریٹری خوراک عباس سومرو اور دیگر متعلقہ افسراں شریک ہوئے۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ کو سیکریٹری زراعت اعجاز شاہ نے بریفنگ دی۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اجلاس میں گنے کی کم از کم قیمت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کابینہ سے بذریعہ سرکیولیشن سمری منظور کروائی جائے۔ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ سندھ حکومت گندم کی کم قیمت 4000 روپے فی من پہلے ہی مقرر کر چکی ہے۔ سیکریٹری زراعت سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا کہ محکمہ رزاعت میں 10 ڈی جیز ہیں اور ایک کین کمشنر ہے، محکمہ زراعت کی تقریباً 13 ونگز ہیں۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے سوال کیا کہ محکمہ زراعت چاول، گندم اور دیگر فصلوں کی پیداوار بڑھا نہیں سکتی؟ پنجاب میں چاول اور گندم کی پیداوار سندھ سے زیادہ ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے سیکریٹری زراعت کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ڈی جیز کی کارکردگی کا جائزہ لیں، جو محکمہ زراعت کی ونگز بہتر کام نہیں کر رہی، اس کو بند کر دیں یا بہتر بنائیں۔