کراچی (نمائندہ خصوصی) ایم کیوایم رہنما روف صدیقی کو دل کا دورہ پڑنے کے سبب اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی انجیو پلاسٹی کی گئی۔ ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق وزیر روف صدیقی کو طبیعت خراب ہونے پر این آئی سی وی ڈی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں دل کا دورہ پڑنے کی تصدیق کی۔ ترجمان کے مطابق روف صدیقی کیس کے سلسلے میں ہائیکورٹ آئے ہوئے تھے جہاں متعلقہ عدالت کے جج کی چھٹی کے باعث وہ کیفے ٹیریا میں چائے پی رہے تھے کہ اس دوران انہیں دل میں تکلیف ہوئی۔ اسپتال ترجمان نے بتایا کہ روف صدیقی کی ابتدائی انجیوپلاسٹی کامیابی سےہوگئی، انہیں انجیوپلاسٹی پروسیجر کے دوران ایک اسٹنٹ ڈالا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق روف صدیقی کو شدید ہارٹ اٹیک کے ساتھ اسپتال میں لایا گیا تھا اور ہارٹ اٹیک کے باعث ان کے پھیپھڑوں میں پانی جمع ہوگیا تھا جس وجہ سے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا۔