کراچی (نمائندہ خصوصی) سندھ بھر کے اسکولوں میں نیا تعلیمی سال 15 اپریل سے شروع ہوگا جب موسم سرما اور گرما کی تعطیلات کا پرانا شیڈول برقرار رہے گا۔ترجمان محکمہ تعلیم کے مطابق نگران وزیر تعلیم رعنا حسین کی زیر صدارت اسٹیرنگ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر کے اسکولوں میں نیا تعلیمی سال 15 اپریل اور کالجوں میں نیا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ موسم سرما اور گرما کی تعطیلات کا پرانا شیڈول برقرار رہے گا اور میٹرک کے امتحانات مئی کے پہلے ہفتے جب کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے شروع ہوں گے۔ترجمان کے مطابق میٹرک کے نتائج 31 جولائی اور انٹرکے نتائج اگست کے دوسرے ہفتے تک آئیں گے جب کہ موسم گرما کی تعطیلات میں اساتذہ کے لیے 15 روز کا تربیتی سیشن کیا جائے گا۔