اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی جس میں پی آر اے کوجدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا ۔ پی آر اے کے وفد کی قیادت پی آر اے کے صدر عثمان خان کر رہے تھے جبکہ وفد میں سیکرٹری نوید اکبر چوہدری ، نائب صدر احمد نواز خان ، فنانس سیکرٹری اصغر چوہدری اور سیکرٹری اطلاعات جاوید حسین شامل تھے ۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی،جمہوریت کے فروغ میں میڈیا کا کردار فراموش نہیںکیا جا سکتا۔پی آر اے پارلیمان کی کارروائی اور معلومات کو شفاف انداز میں عوام تک پہنچا کر پارلیمان اور عوام کو قریب تر لانے میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ غیرجانبدار اور فعال صحافتی برادری کی اہمیت سے ہرگز انکار نہیں کیا جا سکتا خاص طور پر ایسے وقت میں جب دنیا غیر معمولی تغیرات کا شکار ہو رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے پی آر اے کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لئے اپنے تعاون کا یقین دلایااور کہا کہ پی آر اے کے اراکین پارلیمانی طریقہ کار کے بارے میں جدید ترین مہارتوں اور معلومات سے لیس ہوں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور مثبت رپورٹنگ کےلئے پارلیمنٹرینز اور سینئر صحافیوں کے ساتھ باقاعدہ ورکشاپس کا انعقاد ہونا چاہیے۔ تنظیم کے صدر عثمان خان اور دیگر نے چیئرمین سینیٹ اور سینیٹ سیکرٹریٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ایوانوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے تربیتی ورکشاپس ،تنظیم کی ویب سائٹ سمیت پیشہ وارانہ مہارت میں اضافے کے لئے اقدامات پر معاونت کی درخواست کی جس پر چیئرمین سینیٹ نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ پی آر اے پاکستان اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے درمیان پارلیمانی رپورٹنگ سے متعلق موثر ضابطہ اخلاق تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا ۔