لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، پانچ سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سابق ایم این اے سردار منصب ڈوگر، فاروق رضا مانیکا اور سرگودھا سے گدی نشین نظام الدین سیالوی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے، سابق ایم پی اے آصف عباس اور میاں ماجد نواز نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ، شیخ فیاض الدین، عطا اللہ تارڑ، رانا ارادت حسین اور احمد رضا مانیکا بھی موجود تھے، ملاقات میں آصف سعید منہیس، سعود مجید اورعظمیٰ بخاری بھی شریک ہوئیں، شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو مبارکباد پیش کی۔ شہبازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر آپ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں، آپ کے آنے سے مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کا سفر مزید تیز ہوگا، مسلم لیگ (ن) ایک گھر کی طرح ہے جس میں سب کا احترام کرتے ہیں، الحمدللہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات میں عوام نے کامیاب کیا تو انشاءاللہ عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے۔