پشاور (نمائندہ خصوصی) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ پاکستان بالخصوص ہمارے صوبہ میں قابلیت کی کوئی کمی نہیں ہے، ہم سب کا مشترکہ مقصد ملک و قوم کی ترقی ہونا چاہیے،نوجوانوں کو چاہئے کہ اپنے معاملات میں روایات و اقدار کو ہمیشہ قائم رکھیں،عملی زندگی میں بہت سے چیلینجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے اوران چیلنجز پرصبر،حوصلہ، جذبہ ،مسلسل محنت اورلگن سے قابو پانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کے روز دورہ مردان کے موقع پر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے 5ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق، والدین، فیکلٹی اراکین اور طلباءنے کثیرتعداد میں شرکت کی۔گورنر نے کانووکیشن میں سیشن 2019 کے ماسٹر/بیچلر/ایم فل/پی ایچ ڈی کی تعلیم مکمل کرنیوالے 140 طلباءوطالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے 74 طلباءو طالبات کو گولڈ میڈلز/سلور میڈلز/برونز میدلز پہنائے۔وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرظہورالحق نے گورنر اوردیگر مہمانوں کا خیرمقدم کیا اورگورنر کو ادارہ کی مجموعی کارکردگی پرروشنی ڈالی اور سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔انہوں نے بتایا کہ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان نے نہ صرف بہترین تعلیمی معیار برقرار رکھا ہے بلکہ یونیورسٹی کو مالی حساب سے بھی توازن میں رکھا ہوا ہے جو اس یونیورسٹی کی مجموعی بہتر کارکردگی کا عملی ثبوت ہے اور اسی عمدہ کارکردگی کے باعث برطانیہ کے ایک معروف ادارے ٹائمز ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے دنیا کی بہترین جامعات کی رینکنگ میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کو پاکستان میں دوسرے اور صوبہ میں پہلے نمبر پر رکھا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے تعلیمی کامیابی حاصل کرنیوالے طلباءو طالبات، والدین، فیکلٹی اراکین کو مبارکباد دی۔طلباءوطالبات کومخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آپ ایک نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں جو کہ سہل نہیں اور نہ ہی پھولوں کی سیج ہے۔ یہ ایک مشکل اور سخت راستہ ہے لیکن کامیابی کے حصول کے لئے عزم، لگن، جنون، مسلسل جد و جہد اور اللہ پر پختہ یقین اس مشکل کو آسان بناتا ہے۔آپ جہاں بھی کام کریں ، صرف اس چیز کا خیال رکھیں کہ آپ اچھے اور باکردار انسان بنیں۔گورنرنے یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور فیکلٹی اراکین سمیت دیگرسٹاف کو یونیورسٹی کا تعلیمی، مالی و انتظامی ڈسپلن برقرار رکھنے پربھی مبارکباد پیش کی۔ انہوںنے کہاکہ دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کی رینکنگ میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کا شمار ہونا صوبہ کیلئے قابل اعزاز ہے۔ عبدالولی خان یونیورسٹی تعلیمی و عمارتی ڈھانچہ سمیت دونوں اشکال میں بہترین نوعیت کا اعلی تعلیمی ادارہ ہے۔گورنرنے ملازمین کو درپیش مسائل کے حوالے سے کہاکہ یونیورسٹی ایسوسی ایشن ملازمین کے مسائل کا حل یقینی بنائیں گے،ہمیں احتجاج، ہڑتال کلچر سے خود کو باہر نکالنا ہو گا کیونکہ یہ کسی بھی چیز کا مستقل حل نہیں،مذاکرات و برداشت اور صبر و تحمل سے ہر شعبوں میں آگے بڑھنا اورمسائل کا حل ڈھونڈناہے۔