لاہور( کورٹ رپورٹر )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے سائلین کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کا خواب پورا کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں انصاف کے حصول کے لیے دور دراز سے آنے والے سائلین کے کیسز ان کے قریبی بنچز میں منتقل کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ ضلع میانوالی کے کیسز لاہور ہائیکورٹ کے بجائے راولپنڈی بنچ اور ضلع بھکر کے کیسز ملتان بنچ منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے، لاہور ہائیکورٹ نے سمری نگران پنجاب حکومت کو ارسال کردی۔میانوالی سے ساڑھے 6 گھنٹے اور بھکر سے 6 گھنٹے کا سفر کر کے سائلین کو لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر کیسز دائر کرنے کے لیے آنا پڑتا تھا، وکلا نے دیرینہ مطالبہ پورا ہونے پر چیف جسٹس کے اس اقدام کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ میانوالی سے کیسز راولپنڈی بنچ میں منتقل ہونے پر سائلین کو صرف ایک گھنٹہ 40 منٹ کا سفر کرنا پڑے گا، بھکر سے ملتان کا سفر سائلین اڑھائی گھنٹے میں طے کر کے با آسانی ملتان بنچ میں کیسز دائر کر سکیں گے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی زیر صدارت انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں حتمی منظوری دیکر نوٹیفکیشن کے لیے سمری نگران پنجاب حکومت کو ارسال کردی گئی ہے۔