کراچی (نمائندہ خصوصی) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی پریس کلب میں دانتوں کے علاج کا کلینک اور لیبارٹری کلیکشن پوائنٹ قائم کرے گی۔ اس بات کا اعلان جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے 8 نومبر 2023 کو رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان اور وفد کے ہمراہ صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد، طفیل احمد (سیکرٹری ہیلتھ کمیٹی) اور گورننگ باڈی کے ممبران سے ملاقات کے دوران کیا۔ کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (JSMU) کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کو صحافیوں کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔انہوں نے کراچی پریس کلب کے اراکین کو پیش کیے جانے والے ہیلتھ کارڈ اور کے پی سی کی جانب سے اس کے اراکین اور ان کے اہل خانہ کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات پر تبادلہ خیال کیا۔پروفیسر امجد سراج میمن نے صحافی برادری کی خدمات کا اعتراف کیا اور کے پی سی کےاراکین اور ان کے اہل خانہ کی تعلیمی اور صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے جامعہ کی جانب سے خدمات کا اعلان کیا۔جامعہ کی طرف سے پیش کی جانے والی سہولیات میں کے پی سی ممبران کے بچوں میں M.B.B.S یا B.D.S کے لیے اوپن میرٹ کیٹیگری کے تحت اہل طلباء کو مفت تعلیم ، دیگر پروگراموں کے لیے یونیورسٹی کی فنانشل ایڈ کمیٹی کے ذریعے مالی مدد ، کراچی پریس کلب کے احاطے میں ڈینٹل سروس یونٹ اور جے ایس ایم یو لیبارٹری کے کلیکشن پوائنٹ کا قیام شامل ہیں۔ان اقدام کا مقصد صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو طبی امداد فراہم کرنا ہے۔اورل ھیلتھ سے متعلق تمام بنیادی علاج، جیسے اسکریننگ، اسکیلنگ اور دانتوں کا علاج، پریس کلب کے کلینک میں کیے جائیں گے، جب کہ ثانوی علاج جن کے لیے خصوصی مشینری کی ضرورت ہوتی ہے JSMU میں کروائے جائیں گے۔ یہ سروس زیادہ سے زیادہ رعایت پر پیش کی جائے گی۔آئندہ میٹنگ میں جے ایس ایم یو اور کے پی سی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جائیں گے۔جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وفد میں پرنسپل سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز، ڈاکٹر زبیر عباسی، ایچ او ڈی کمیونٹی ڈینٹسٹری ڈاکٹر مریم اظفر، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ انجینئر یاسر رضا شیخ، ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹک لیبارٹری پروفیسر سید محمود حسن، ایڈیشنل ڈائریکٹر کمیونیکیشنز آصفیہ عزیز، بائیو میڈیکل انجینئر،کامران اقبال، پی آر او جے ایس ایم یو سدرہ محسن, منیجر JSMU ڈائیگنوسٹک لیبارٹری حسنین عباس اور سینئر فوٹو گرافر جاوید شاہ شامل تھے۔