تاشقند(نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ازبکستان کے شہر تاشقند میں منعقد ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے 16ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر ازبک صدر کو مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی، تجارتی، اقتصادی، سلامتی، دفاع اور رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہء خیال کیا۔ وزیراعظم نے گزشتہ چند سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کی بڑھتی ہوئی سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس رفتار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) اور ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ (UPTTA) کے حالیہ آپریشنل ہونے سے اقتصادی تعاون تنظیم تجارتی معاہدے (ECOTA) کو ہموار کرنے کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور ٹرانزٹ کو فروغ ملے گا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اقتصادی انضمام کو فروغ دینے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے اور علاقائی روابط کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل کے عزم کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ علاقائی روابط، تجارت اور اقتصادی انضمام کے افغانستان پر بہتر اثرات مرتب ہوں گے۔ دونوں رہنمائوں نے غزہ میں حالیہ انسانی بحران اور دیگر علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔