لاہور(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے نواز شریف کی ڈیل کے ذریعے وطن واپسی کی خبروں کو ایک بار پھر مسترد کردیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے نواز شریف نے سیاسی سرگرمیوں کا طویل عرصے بعد دوبارہ آغاز کردیا ہے، ہم انتخابات کے لیے ہر وقت تیار ہیں، اب انتخابات کی تاریخ پر کوئی ابہام نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ڈیل کا تاثر درست نہیں ہے اور کوئی ڈیل نہیں ہے، کیا نواز شریف کے مقدر میں لکھا ہے کہ انہوں نے جلاوطنی کاٹنی ہے؟کیا جھوٹے مقدمات مزید بننے ہیں۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے واپس آنا ہی تھا اور وہ صحیح وقت پر واپس آئے ہیں، جب نواز شریف گئے تھے تو وہ بیمار تھے، نواز شریف، ان کے خاندان اور جماعت نے سب سے زیادہ سزائیں کاٹی ہیں، ہم نے 2002 میں نواز شریف کے بغیر بھی الیکشن لڑا تھا اور 2018 میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔نے سوال کیا کہ آپ واقعی چاہتے ہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن میں میدان میں ہوں؟ اس پرسعد رفیق نے کہا کہ سب کا انتخابی نشان بیلٹ پر ہونا چاہیے، الیکشن سب نے ہی لڑنا ہے آپ فکرنہ کریں،کسی کے ہاتھ نہیں بندھے ہوئے ہونے چاہئیں، سب کو الیکشن میں برابر کو موقع ملنا چاہیے، الیکشن کا شیڈول آتا ہے تو سب نے الیکشن لڑنا ہوتا ہے۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جیل میں موجود سیاستدان کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، 9 مئی کے واقعات اور سائفر کے معاملات والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جانا چاہیے، کوئی 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہے تو وہ عدالت سے ریلیف لے۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو پارٹی صدر بنانے کی میں نے بات نہیں سنی، سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر کوئی درخواست آئی تو پارٹی قیادت فیصلہ کرے گی۔