کراچی( کرائم رپورٹر)رینجرز (سندھ)اورپولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن سے ڈکیت گروہ کے 3ملزمان صدام حسین ,کرم حسین اور طاہر حسین کو گرفتار کر لیا۔ملزمان کے قبضے سے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والااسلحہ وایمونیشن برآمد کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں کورنگی کراسنگ، شاہ لطیف، بلال چورنگی، چمڑا چورنگی اور گودام چورنگی میں شہریوں سے لوٹ مار کرنے، اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی 200سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ملزمان کو باآسانی پہچانا جا سکتا ہے۔
دوران تفتیش ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں سے چوری اور چھینے ہوئے موٹرسائیکل براستہ حب چوکی بلوچستان میں فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ ملزمان عادی مجرم ہیں اور متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتارملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔