سرینگر(نمائندہ خصوصی) غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے اپنی پکڑ دھکڑ کی جاری کارروائیوں کے دوران ضلع بارہمولہ میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوجیوں نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران ضلع بارہمولہ کے علاقے کنزر میں لوگوں کو ہراساں کیا اور 2 نوجوانوں الطاف احمد اور فاروق احمد کو گرفتار کرلیا۔اس سے قبل بھارتی فوجیوں نے منگل کو ضلع بارہمولہ کے علاقے ڈانگر پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران 2 نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا۔گرفتاریوں کا جواز پیش کرنے کے لیے ، قابض فوجیوں نے نوجوانوں کو مجاہد تنظیموں کا رکن قرار دیا ہے جو کشمیری عوام کو ان کا ناقابلِ تنسیخِ حق خودارادیت دلانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہیں جن کا وعدہ اقوام متحدہ نے ان سے کیا تھا۔