راولپنڈی( نمائندہ خصوصی ) پاک فوج کا ملک بھر میں دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف کامیاب آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے ژوب میں دوران آپریشن 6 دہشتگرد ہلاک کردیئے، ہلاک دہشتگرد شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں خفیہ اطلاع پر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے چھ دہشتگرد ہلاک کردیئے۔ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف کاروائیوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے امن واستحکام کو سبوتاژ کرنے کی ہرسازش کو ناکام بنا دیا جائے گا، سکیورٹی فورسز عوام کے تعاون سے امن واستحکام کو سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔