اسلام آبا د(نمائندہ خصوصی)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے روانڈا سینیٹ کے صدرنے ملاقات کی ہے اور دونوں ممالک نے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ،ذرائع نے بتایا کہ روانڈا اور پاکستان سے پارلیمانی ممبران اور سرکاری قیادت نے بھی شرکت کی ،ملاقات میں دو طرفہ باہمی تعلقات بالخصوص پارلیمانی تعلقات کے فروغ سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی ،سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، پاکستان افریقہ پالیسی کے تحت روانڈا سمیت تمام افریقی ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ، پارلیمانی رابطوں کو پروان چڑھانے میں پاک-روانڈا پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کا کردار قابل ستائش ہے ،پاکستان اور روانڈا میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پارلیمانی روابط میں اضافہ ضروری ہے ، پاکستان اور افریقہ کے مابین زراعت فوڈ سیکورٹی اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں ، کاروباری اور سرمایہ کاری کے وفود کے تبادلوں کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکتا ہے ، روانڈا میں منعقد ہونے والی 145ویں بین الپارلیمانی اسمبلی اجلاس میں پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کی طرف توجہ مبذول کروائی ، اس موقع پر روانڈا سینیٹ صدر ڈاکٹر فرانکوس زیویر کالنڈاپرتپاک استقبال پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے افریقی سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں ۔