اسلام آبا د(نمائندہ خصوصی)وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی ڈیڈ لائن ختم ہو ہوگئی تاہم رضاکارانہ واپس جانے والوں کیلئے آج (بدھ کا ) دن بھی ہے ۔منگل کے روز اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم ان خاندانوں کو سراہتے ہیں جو رضاکارانہ طور پر اپنے ملکوں کو واپس جارہے ہیں،دو نومبر سے ان غیر قانونی غیر ملکیوں کیخلاف بڑے آپریشن کا آغاز ہو گا ،یہ آپریشن طویل اور مرحلہ وار ہو گا ،پاکستان دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے جس نے اتنے بڑے پیمانے پر مہاجرین کو اتنے لمبے عرصے تک مہمان نوازی کی ،افغان مہاجرین اب بھی ہمارے پلان اے کا حصہ نہیں ہے ،پاکستان سے وہ وہ لوگ بے دخل ہوں گے جن کے پاس کوئی قانونی دستاویز نہیں ہے ،وہ لوگ اپنے اپنے ممالک کو ڈی پورٹ ہوں گے اور ان کو ہولڈنگ سنٹرز میں بھجوایا جائے گا 2 نومبر سے ان افراد کو پہلے ہولڈنگ سنٹر بھجوایا جائے گا ،دو تین دنوں تک ہولڈنگ سنٹرز میں ان لوگوں کو رکھا جائے گا جہاں انہیں کھانا اور رہائش میڈیکل کی سہولت دی جائے گی ،اس کے بعد انہیں ہماری مرضی کے بارڈر سے ڈی پورٹ کریں گے ،ان افراد کو چمن ،نوشکی ،طورخم یا کس بارڈر سے ڈی پورٹ کرنا ہے یہ ریاست کی مرضی سے ہو گا ،ہم نے دیکھنا ہے اپنی سہولت، سیکیورٹی اور اس کے مطابق انہیں ڈی پورٹ کا فیصلہ کرنا ہے۔