اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے روانڈا سینیٹ کے صدر ڈاکٹر کالندا فرانسواں زیویئر کی سربراہی میں چھ رکنی پارلیمانی وفد نے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط کو فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔پاکستان روانڈا کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔روانڈا خوبصورت اور صاف ستھرا ملک ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے ”لک افریقہ“ پالیسی کے تحت دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے پر دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی رابطہ کاری میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور سینیٹ آف پاکستان، روانڈا کے ساتھ اچھے تعلقات،تعاون اور مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ زراعت، فوڈ سیکیورٹی اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھا نے کی ضرورت ہے۔دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے دونوں ممالک کے تاجروں سرمایہ کاروں اور عوام کے مابین تعلقات مزید فروغ دنیا ناگزیر ہے۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پارلیمانی روابط، سفارتکاری اور وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیتے ہوئے محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ معاونت اور رابطہ کاری کیلئے خصوصی حکمت عملی وضح کر چکا ہے۔”لک افریقہ“ پالیسی کے تحت تعاون کی نئی راہیں کھلنے، بہتر روابط اور تجارتی تعاون کے فروغ میں مدد ملے گی۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان نے روانڈا میں اپنا سفارتخانہ قائم کیا ہے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔امید ہے روانڈا بھی پاکستان میں اپنا سفارتخانہ قائم کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے تاجروں سرمایہ کاروں اور عوام کو سہولت میسر ہو۔ چیئرمین سینیٹ نے علاقائی، عالمی اورخطے میں امن اور ترقی کے حوالے سے کہا کہ دنیا کے پارلیمانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس حوالے سے موثر اقدامات کے ساتھ ساتھ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پارلیمانی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے علاقائی امن اور ہم آہنگی کے فروغ اور ترقی کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اجتماعی کوششیں تیز کرنی ہوں گی ۔