کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس مقابلہ،اقدام قتل اور دھماکہ خیز مواد برآمدگی کیس میں گواہ پولیس اہلکار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں لیاری گینگ وار سربراہ عزیر بلوچ و دیگر کے خلاف پولیس مقابلہ، اقدام قتل اور دھماکہ خیز مواد برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی ۔ عدالت نے ایس ایس پی اور تفتیشی افسر کو گواہ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا،عدالت نے سابق تفتیشی افسر کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے،تفتیشی افسر کی جانب سے گواہان سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ مقدمہ کا گواہ پولیس اہلکار محمد مبین انتقال کر چکا ہے، عدالت نے تفتیشی افسر کو دیگر گواہان کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 6 نومبر تک ملتوی کردی ۔پولیس کے مطابق مقدمہ میں لیاری گینگ وار سربراہ عزیر بلوچ اور کمانڈر ملا نثار گرفتار ہیں، ملزمان نے 2012 میں لیاری میں پولیس پر حملہ کیا تھا،ملزمان کے خلاف تھانہ کلاکوٹ میں مقدمہ درج ہے۔