کراچی (ریاض سہیل بی بی سی اردو ڈاٹ کام)ابوظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زید اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد التھانی سمیت 16 کے قریب خلیجی ممالک کے سربراہان اور ان کے خاندان پاکستان کے نادہندہ ہیں اور ان پر23 لاکھ امریکی ڈالرز واجب الادا ہیں۔بی بی سی اردو کے پاس موجود دستاویز کے مطابق یہ فیس تلور کے شکار کی مد میں اجازت ناموں اور بازوں کی درآمد اور برآمد کی مد میں واجب الاد ہے۔
یہ بقایا جات سال 2021 تک کے ہیں اسی طرح گذشتہ سیزن یعنی 2022 میں بھی یہ ادائگیاں نہیں کی گئیں جبکہ رواں سال یکم نومبر سے شکار کے سیزن کا آغاز ہو رہا ہے۔بحرین کے شاہی خاندان میں سے بادشاہ شیخ حماد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے متعلقہ فیس ایک لاکھ 23 ہزار امریکی ڈالرز ادا کی ہے جبکہ ان کے پانچ رشتے داروں اور مشیروں پر نو لاکھ امریکی ڈالرز واجب الادا ہیں۔بی بی سی کے پاس موجود دستاویز کے مطابق بحرین کے بادشاہ کے انکل شیخ ابراہیم بن حماد بن عبداللہ پر دو لاکھ امریکی ڈالرز، بحرین کے بادشاہ کے کزن اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ پر دو لاکھ امریکی ڈالرز، بحرین کے بادشاہ کے دفاعی امور کے مشیر شیخ عبداللہ بن سلمان الخلیفہ پر ایک لاکھ امریکی ڈالرز، شاہی خاندان کے رکن اور بحرین کے بادشاہ کے کزن شیخ احمد بن علی الخلیفہ پر دو لاکھ ڈالرز، بادشاہ کے ایک اور کزن شیخ خالد بن راشد بن عبداللہ الخلیفہ پر بھی دو لاکھ امریکی ڈالرز واجب الاد ہیں۔متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زید النہیان پر دو لاکھ امریکی ڈالرز، ابوظہبی کے ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر جنرل شیخ محمد بن زید النہیان پر دو لاکھ امریکی ڈالرز، شاہی خاندان کے رکن شیخ راشد بن خلیفہ المکتوم پر دو لاکھ امریکی ڈالرز، ریاست کے اہم رکن ناصر عبداللہ لوطہ پر ایک لاکھ امریکی ڈالرز، دبئی کے شاہی خاندان کے رکن شیخ احمد بن راشد المکتوم پر بھی دو لاکھ امریکی ڈالرز واجب الاد ہیں۔قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد التھانی پر ایک لاکھ امریکی ڈالرز، قطر کے دیوان کے امیر شیخ خالد شاہین پر ایک لاکھ امریکی ڈالرز واجب الاد ہیں جبکہ شاہی خاندان کے صرف ایک رکن شیخ فہد بن عبدالرحمان بن حماد التھانی نے دو لاکھ امریکی ڈالرز ادا کیے ہیں۔
پاکستان کی وزارت خارجہ، صوبائی محکمہ جنگلی حیات کو عرب مہمانوں کے لیے باز کی مدد سے شکار کے اجازت ناموں کی فہرست بھیجی جاتی ہے، شکار کا اجازت نامہ حاصل کرنے والا مہمان پر لازم ہے کہ وہ ایک ہزار امریکی ڈالر فیس ادا کرے گا جو ایک علاقے میں دس روز قیام کے لیے ہو گی، مقررہ مدت سے زائد قیام کے صورت میں ایک لاکھ پانچ ہزار امریکی ڈالر اضافی ادا کرنے ہوں گے۔