کراچی(نمائندہ خصوصی)نیشنل بینک آف پاکستان ( این بی پی ) نے شمولیت اور مساوات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اپنے ہیڈ آفس میں چھاتی کے سرطان کی آگاہی کے لئے پنکتوبر کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔این بی پی نہ صرف چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے بلکہ اس آزمائش میں مبتلا خواتین کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑا ہے۔پنکتوبر تقریب میں این بی پی کے صدر اور سی ای او جناب رحمت علی حسنی ، بینک کے سینئر ایگزیکٹوز، پنک ربن کے سی ای او اور بانی عمر آفتاب نے شرکت کی۔ پنک ربن کی رکن مس مریم ملک نے کینسر جیسی موذی بیماری سے لڑنے کیلئے خاندانوں میں اس پر بات چیت کی ضرورت کو اجاگر کیا۔انہوں نے چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی اور ابتدائی تشخیص کی حوصلہ افزائی کرنے میں پنک ربن جیسے اداروں کے اہم کردار پر بات چیت کی۔این بی پی کے صدر اور سی ای او جناب رحمت علی حسنی نے اس کاز کیلئے بینک کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا” چھاتی کے سرطان سے بے شمار خواتین کی زندگیاں متاثر ہوتی ہیں۔این بی پی کو سرطان کے بارے میں آگاہی اور ابتدائی تشخیص کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی حمایت کرنے پرفخر ہے۔ بینک کی حیثیت سے ہم اپنے ملازمین اور تمام افراد کی زندگیوں کو بہتربنانے میں اپنا مثبت کردار اداکرنے کیلئے پرعزم ہیں اور اس موذی مرض کو شکست دینے اور اس مرض سے لڑنے والی خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کھڑے ہیں۔پینل بحث و مباحثہ کے دوران عمر آفتاب نے پنک ربن کودرپیش چیلنجز اور چھاتی کے سرطان کی ابتدائی تشخیص کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے چھاتی کے سرطان میں مبتلاء خواتین کی حمایت کیلئے پنک ربن کے متعدد پروگراموں کے بارے بتایا۔تقریب کے پرجوش اختتام پر این بی پی ہیڈ آفس کی عمارت کو گلابی رنگ سے روشن کیا گیا جو چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی کیلئے بینک کی غیر متزلزل حمایت اور عزم کی علامت ہے۔ایونٹ کے ذریعے بینک کے مساوات اور شمولیت کیلئے عزم کا بھی اعادہ کیاگیا