راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنا دانشوروں اور سول سوسائٹی کی زیادہ ذمہ داری ہے، عوام، خصوصاً نوجوان نسل ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کا مقابلہ یقینی بنائے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی نیشنل سکیورٹی ورکشاپ 25 کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، اس موقع پر ان سے آرمی چیف نے بھی ملاقات کی۔آرمی چیف نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوج عوام کی بہتری کے لیے ریاست کے دیگر اداروں سے مل کر مختلف شعبوں میں مصروف عمل ہے، مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہیں، سکیورٹی اور انٹیلی جنس ادارے دشمن قوتوں کی مسلسل کوششوں کے باوجود بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں، پاکستانی عوام کے مسلسل تعاون سے ان شاء اللہ کامیابی ہمارا مقدر ہوگی۔جی ایچ کیو کے دورے پر شرکاء کو اسمگلنگ، بجلی چوری، منشیات کے پھیلاؤ اور بارڈر کنٹرول کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، پاکستان سے غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی سے متعلق بھی بتایا گیا۔آرمی چیف نے ایس آئی ایف سی کے نتیجے میں معیشت پر پڑنے والے مثبت اثرات کو بھی اجاگر کیا، ورکشاپ میں پارلیمنٹرینز، سول اور مسلح افواج کے سینیئر افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت 98 شرکاء شامل ہوئے۔