لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان ریلوے نے شدید دھند میں ٹرین ڈرائیور معاون سسٹم متعارف کرا دیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز شاہد عزیز نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور محمد حنیف گل کے ہمراہ ٹرین ڈرائیور معاون سسٹم کا افتتاح کیا۔ ٹرین ڈرائیور معاون سسٹم کا آغاز لاہور سے کراچی جانے والی کراچی ایکسپریس ٹرین سے کیا گیا۔ یہ سسٹم یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے الخوازمی انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر چیف سگنل اینڈ ٹیلی کام انجینئر محمد احمد، پروجیکٹ ڈائریکٹر طارق عزیز ہکڑو، چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ سیفٹی محمد علی چاچڑ، چیف مکینیکل انجینئر لوکو غلام قاسم سمیت ڈویژنل و اسسٹنٹ افسران بھی موجود تھے۔ شدید دھند میں ڈرائیور معاون سسٹم 700 میٹر تک بغیر کسی رکاوٹ کے ڈرائیور کو کلیئر راستہ دیکھائے گا۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل سسٹم 700 میٹر تک سگنلز، لیول کراسنگز، گیٹس، ٹریس پاسنگ کے علاوہ دیگر خطرات کی بھی نشاندہی کرے گا ۔ اس موقع سی ای او ریلویز شاہد عزید کا کہنا تھا کہ ٹرین ڈرائیور معاون سسٹم سے دھند کے دنوں میں ٹرینوں کی پنکچوایلٹی میں بہتری آئے گی اور سسٹم سے شدید دھند کے دنوں میں حادثات کی روک تھام میں بھی مددگار ملے گی اور یہ سسٹم پاکستان ریلویز میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے بنائے گئے بہترین سسٹم کی تعریف کی اور ساتھ ہی ساتھ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور پاکستان ریلویز کے انجینیئرز کو شاباش دی۔ سی ای او ریلویز نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے انجینیئرز کو کیش انعام بھی دیا۔