اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) یومِ پاکستان کے پُرمسرت موقع پر سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے تمام اہلیانِ پاکستان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ "۲۳مارچ پاکستان کی شاندار تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس روز مسلمانان ِبرصغیر نے پہلی بارباضابطہ طور پر ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا۔ اپنے اتحاد اور مضبوط قوتِ ارادی کی بدولت انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں بالآخر پاکستان کے حصول کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔ بلاشبہ، یوم ِ پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی آزادی کے لئے عزم، قربانی اور طویل جدوجہد کی یاد اور علامت ہے۔ایئر چیف نے مزید کہا کہ "اس سال یوم ِ پاکستان خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس دن قوم یوم ِپاکستان کے سلسلے میں منعقدہ پریڈ کے موقع پر جے 10 سی جہاز کا مظاہرہ دیکھے گی جوحال ہی میں پاک فضائیہ کا حصہ بنا ہے اور ہماری جدت پر مبنی پالیسی کا شاہکار ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاک فضائیہ تمام شعبوں میں اپنی صلاحیت بڑھانے میں مسلسل کوشاں ہے۔ ہماری بنیادی توجہ دوست ممالک کے ساتھ باہمی تعاون اور خودانحصاری کے ذریعے جدت کا حصول ہے۔ اس سلسلے میں پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی جیسے سٹینڈ آف ویپنز، پریسژن میونشن، الیکٹرونک وارفیئر، اَن مینڈ ایرئیل سسٹمز اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے حصول کے لئے سرگرم عمل ہے۔ الحمدللہ! ہم نے سپیس اور سائبر کے شعبوں میں جدید نان کنٹیکٹ وارفیئر کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی استعداد بڑھانے میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔ ان جدید ٹیکنالوجیز کا انضمام اعلیٰ تربیت اور افرادی قوت میں بہتری کے ذریعے ممکن ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم نے جدت پر مبنی ٹرپل ہیلکس ماڈل پرعمل پیرا ہو کر ائیرو سپیس انڈسٹری، ایکاڈِمیہ اورحکومت کے درمیان تعاون کے نت نئے راستے استوار کئے۔ مجھے یقین ہے کہ ہماری یہ کاوشیں مستقبل میں سودمند ثابت ہوں گی۔ آئیے اس دن عزم کریں کہ ہم اپنے کارناموں پر طمانیت کی بجائے اپنی کاوشوں کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور پاک فضائیہ کی بہتری کی خاطر دوچند کریں۔ اس تاریخی موقع پر ہم کشمیری بھائیوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ آئیے ہم اللہ کے احسان کی خاطر اس کے حضور عاجزی کے ساتھ سر بسجود ہوں تاکہ وہ ہمیں پاکستان کی آزاد نیلگوں فضاؤں کا محافظ بننے کی قوت اور رہنمائی عطا فرمائے۔ آمین”
پاکستان ائیر فورس زندہ باد!
پاکستان پائندہ باد!