اسلام آباد(بیورو رپورٹ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے۔سابق وزیراعظم نواز شریف طیارہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرگیا جس کے بعد وہ طیارے سے باہر آگئے ہیں۔اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ پارٹی قائد کا استقبال کرنے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے ہیں جب کہ سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے موقع پر ان کی قانونی ٹیم اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچ چکی ہے۔سابق وزیراعظم اور اپنے والد کی وطن واپسی پر سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ ’میری زندگی کا شاید آج سب سے بڑا دن ہے، میں اللّہ ربّ العزت کی شکر گزار ہوں، جتنے دکھ اور تکالیف نواز شریف نے پچھلے 24 سالوں میں سہے، شاید ہی اس کی کوئی مثال ہو اور ان کے کچھ زخم ایسے ہیں جو کبھی نہیں بھر پائیں گے‘۔انہوں نے کہا کہ ’جتنے عروج بھی نواز شریف نے دیکھے وہ بھی شاید کسی اور کے حصے میں نہ آئے ہوں، پاکستان آج نواز شریف کا ایک اور عروج دیکھنے جا رہا ہے‘۔