کراچی(نمائندہ خصوصی) قومی ایئر لائن (پی آئی اے)کا مالی بحران شدت اختیار کرنے بعد نجی ایئر لائنز نے کرایوں میں اضافہ کردیاہے۔تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن اور پی ایس او تنازعہ شدت اختیارکر گیا، جس کے باعث پی آئی اے کی پروازیں بری طرح متاثر ہے تاہم اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نجی ایئر لائنز نے کرایوں میں اضافہ کردیا۔کراچی تا لاہور نجی ایئر لائنوں نے 35 ہزار سے 49 ہزار تک کرائے وصول کئے گئے، کراچی سے اسلام آباد کا یکطرفہ کرایا 55 ہزار سے 61 ہزار روپے تک بھی وصول کئے گئے۔نجی ایئر لائن کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے پی آئی اے کا ڈومیسٹک پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر تھا، اضافی رش کی وجہ سے ڈیمانڈ اینڈ سپلائی میں فرق پڑا ہے۔دوسری جانب اچانک کرایوں میں اضافے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے، مسافروں نے مسابقتی کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیادوسری جانب مالی مشکلات کا شکار قومی ایئرلائن نے درجنوں ملکی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دیں، پی آئی اے اپنے ایندھن کے بِل ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا ہے۔پی آئی اے کے نائب ترجمان اطہر اعوان کے مطابق ایندھن کی عدم دستیابی کی وجہ سے دو روز کے دوران 48 ملکی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کی گئیں ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ایندھن کی فراہمی میں رکاوٹ کی وجہ واجبات کی عدم ادائیگی ہے، مالی مشکلات کی وجہ سے پی آئی اے پاکستان اسٹیٹ آئل کو وقت پر واجبات کی ادائیگی سے قاصر ہے۔ذرائع کے مطابق 8 سے 17 اکتوبر تک پی آئی اے پر پی ایس او کے ایک ارب 85 کروڑ روپے کے واجبات تھے، جس میں سے ایک ارب 10 کروڑ روپے کی ادائیگی کی جاچکی ہے۔