لاہور (نمائندہ خصوصی ) سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف تقریباً چار سال بعد کل ( بروزہفتہ )وطن واپس پہنچیں گے ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پارٹی قائد کے پرتپاک استقبال کے سلسلہ میں گریٹر اقبال پارک میں تاریخی جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں،نواز شریف نے قوم کو آئندہ کا سیاسی ، سماجی اور معاشی ایجنڈا اور لائحہ عمل دینے کے لئے خطاب کے ابتدائی نکات تیار کر لئے جنہیں وطن واپسی پر پارٹی کی مرکزی قیادت سے مشاورت میں حتمی شکل دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق وزیر اعظم و پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر شایان شان استقبال اور لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں عظیم الشان جلسے کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔منتظمین کی جانب سے نواز شریف کے تاریخی استقبال کے لئے گریٹر اقبال پارک میں پنڈال کی تیاریاں جاری ہیں ،گریٹر اقبال پارک میں نواز شریف اوردیگر قیادت کے بیٹھنے کے لئے 80فٹ چوڑا اور 40فٹ لمبا سٹیج تیار کر لیا گیا ،اسٹیج پر نواز شریف کے خطاب کے لئے بلٹ پروف کیبن بھی لگایا گیا ہے ۔پنڈال کے اندر رہنماﺅں کے قومی اسمبلی کے حلقوں کے تناسب سے الگ الگ انکلیو ژرزبنائے گئے ہیں ،پنڈال میں خواتین ونگ، یوتھ ونگ، لائیرز ونگ، منیاٹی ونگ ، تاجر ونگ سمیت دیگر تمام ذیلی تنظیموں کے لئے الگ الگ انکلیو ژرز مختص کئے گئے ہیں ،صوبائی ٹکٹ ہولڈرز اپنے اپنے حلقے کے کارکنان کے ساتھ پنڈال میں مخصوص انکلیو ژرزمیں موجود رہیں گے ،پنڈال میں ہر ایک انکلیو ژر میں 3500سے 5500کرسیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کے منتظمین کے مطابق گریٹر اقبال کے پنڈال میں داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کئے جائیں گے،مینار پاکستان جلسے میں آنے والے قافلوں کے لئے پارکنگ پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے۔