اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیاء کمال کادیواوغلو کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بین الاقوامی تزویراتی صورتحال، حالیہ مشترکہ منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت اور ہوا بازی کی صنعت میں تعاون کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے سے متعلق مختلف امور کا احاطہ کیا گیا۔ معززین نے پاک فضائیہ کی جانب سے منعقد کی گئی فضائی مشق انڈس شیلڈ 2023، جس میں دنیا بھر سے معززین شرکت کر رہے ہیں، کے تناظر میں فضائی افواج کی آپریشنل تربیت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں سربراہان نے دوطرفہ تعاون، ڈرونز اور جدید عسکری آلات کی مشترکہ پیداوار میں تعاون کے فروغ کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔معزز مہمان کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے جنرل ضیاء کمال کادیواوغلو کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں انکا پاک فضائیہ کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف بھی کروایا گیا۔ملاقات کے دوران، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کو جدت سے ہمکنار کرنے کے لیئے جاری حکمت عملیوں اور فریم ورک سے آگاہ کیا، جس میں اتحادی ممالک سے جدید تکنیکی آلات کی انڈکشن، اہم انفراسٹرکچر کو تقویت دینا اور تربیتی شعبے کی ایک جامع تنظیم نو شامل ہے، تاکہ عصرحاضر کے فضائی جنگی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ ائیر چیف نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ مذہبی اور تاریخی روابط استوار ہیں جو بےمثال تزویراتی شراکت داری کا مظہر ہیں۔ فضائی مشق انڈس شیلڈ میں ترک فضائیہ کی شرکت کو سراہتے ہوئے ائیر چیف نے دونوں فضائی افواج کے مابین تعاون، تزویراتی اتحاد اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ائیر چیف نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کے پائلٹس، ترک فضائیہ کو بنیادی اور ٹیکٹیکل تربیت کی فراہمی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ترک فضائیہ کی تربیت اور اسکی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید تقویت دینے کے پاک فضائیہ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیاء کمال کادیواوغلو نے پاکستان کے اپنے پہلے دورے کے دوران، پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے، ہوا بازی کی صنعت میں اسکی بڑھتی ہوئی خود انحصاری کا اعتراف کیا۔ انہوں نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اس منصوبے کی بےمثال کامیابی پر سربراہ پاک فضائیہ کے غیر متزلزل عزم کی بھی تعریف کی۔ معزز مہمان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے زیرِ اہتمام مشق انڈس شیلڈ کا انعقاد دونوں ممالک کے مابین بھائی چارے کی فضا قائم کرنے، پاک-ترک عسکری تعلقات کے استحکام اور حصہ لینے والی فضائی افواج کی آپریشنل تیاریوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ دورے کے دوران ترک فضائیہ کے کمانڈر نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں قائم مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا بھی معائنہ کیا جن میں پاک فضائیہ کے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور سائبر کمانڈ شامل ہیں۔ جنرل ضیاء کمال کادیواوغلو نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا بھی دورہ کیا جو پاکستان کی ترقی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ منصوبہ ملک کی ایرواسپیس انڈسٹری کی تشکیل، اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
ترک فضائیہ کے کمانڈر کا دورہء پاکستان دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین تعاون، مضبوط عسکری روابط کے فروغ اور دوطرفہ تزویراتی شراکت داری کو تقویت دینے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔