اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کی۔اسٹیٹ پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ ایف آئی اے کی ٹیم بھی تفتیشی افسر کے ہمراہ عدالت آئی۔عمران خان کے وکیل کے بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری عدالت کے روبرو پیش ہوئے جب کہ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کی اہلیہ مہرین اور بیٹی مہر بانو عدالت پہنچیں۔کیس کی آخری سماعت 9 اکتوبر کو ہوئی تھی جس کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو چالان کی نقول فراہم کردی گئیں تھیں اور عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لیے 17 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔تاہم آج فرد جرم عائد نہیں ہوسکی جب کہ عدالت نے صرف چالان کی کاپیاں ملزمان میں تقسیم کیں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔