کراچی اسلام آباد لاہور ( نمائندہ خصوصی/نمائندگان)ملک بھر میں ، جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق اور دوسری مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماوں کی اپیل پر آج نماز جمعہ کے بعد کراچی، لاہور، اسلام آباد راولپنڈی، ملتان، حیدر آباد، گلگت۔ بلتستان۔ خیبرپختونخوا کے پشاور، ہنگو، پارہ چنار، مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن، سمیت دوسرے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالیں گئیں ۔ اس کے علاوہ کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور سوات میں بھی ریلیاں نکالی گئیں ۔ جبکہ کوہستان میں شاہراہ قراقرم بلاک کر دی گئی۔اس موقع پر پاکستان کی فضا اللہ اکبر، مردہ باد اسرائیل اور مردہ باد امریکہ کے نعروں سے گونج اٹھی۔ احتجاجی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسرائیل غاصب ہے اور امریکہ اس کا حامی ہے۔ ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور ہم مظلوم فلسطینی عوام کے قتل عام اور فلسطین کی سرزمین پر صہیونی قبضے کے خلاف احتجاج کرتے رہیں گے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مظلوم عوام گذشتہ پون ایک صدی سے عالمی استکباری قوتوں کی شیطانی سازشوں کے نشانے پر ہیں۔جس طرح فلسطین کی مقامی آبادی کو دربدر کرکے بیرونی غاصبوں اور قابضوں کو فلسطین کی سرزمین پر بسایا گیا، وہ تاریخ انسانی کا شرمناک باب ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ تحریک آزادی فلسطین کی حمایت کی ہے۔ ہم غاصب اسرائیل کو نہ کبھی تسلیم کریں گے، نہ ہی کسی خائن کو اسرائیل تسلیم کرنے دیں گے۔ غاصب اسرائیل کو تسلیم کرنے والے خائن ہیں۔ جنہوں نے تحریک آزادی فلسطین کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے اور اپنے چہروں پر خیانت کی کالک ملی ہے، ان کا جرم ناقابل معافی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے دیرینہ مسائل ہیں۔ تحریک آزادی فلسطین سے خیانت کرنے والے کبھی بھی تحریک آزادی کشمیر کے ہمدرد نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دعا انبیا کرام علیہم السلام کا اسلحہ ہے۔ لہذا مومنین مشکل حالات میں اللہ تعالی کی نصرت کے لئے دعا کا سہارا لیتے ہیں۔ عالم اسلام کو چاہیے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کو اپنی نیک دعاں میں ضرور یاد رکھیں۔ ریلیوں میں جگہ جگہ امریکہ اور اسرائیل کے پرچم اور نتن یاہو اور بائیڈن کے پتل بھی جلائے گئے۔