اسلام آباد،( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر سیفران محمد طلحہ محمود نے حکومت پاکستان کی جانب سے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کی دوسری کھیپ افغان ناظم الامور سردار محمد شکیب کے حوالے کی. تقریب آج نور خان بیس راولپنڈی میں منعقدہ ہوئی. اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز بھی موجود تھے. اسکے علاوہ پاکستانی وزارت خارجہ اور افغان ایمبیسی کے حکام نے بھی شرکت کی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی دوسری امدادی کھیپ میں فیملی خیمے اور اشیائے خوردونوش شامل ہیں، جسے پی اے ایف C130 ایئر کرافٹ کے ذریعے روانہ کیا گیا ہےدوران تقریب افغانستان میں زلزلے کے دوران قمیتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے اس مشکل گھڑی میں افغانستان حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور وزارت خارجہ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور دیگر ادارے امدادی سامان کی فراہمی کے لیے افغان حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں افغان ناظم الامور نے زلزلہ زدگان کے لیے فوری طور پر امداد بھجوانے پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے افغانستان میں زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ 23 جون 2022 کو بذریعہ روڈ بجھوا دی تھی ۔