کراچی(نمائندہ خصوصی)
پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے سیکریٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے کہاہے کہ 12اکتوبر 1999 کو عوامی اور جمہوری حکومت کو غیر آئینی طریقے سے خاتمے کے اقدام نے پورے ڈھانچے کو ہلا کر رکھ دیا جس کے منفی اثرات سے ملک آج تک دو چار ہے۔ جمعرات کو جاری میڈیا بیان میں انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ نوازشریف نے ہر دور حکومت میں ملک کو قابل رشک معاشی ترقی دی لیکن افسوس کے اقتدار کے پجاریوں نے نوازشریف کو یکسوئی کے ساتھ حکومت مکمل نہیں کرنے دی۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے 90کی دہائی میں ایٹمی دھماکوں کے بعد بھارت سمیت خطے کہ تمام ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات کے نئے دور کا آغاز کیا لیکن پرویز مشرف نے اپنے غیر آئینی اقتدار کو دوام بخشنے کےلیے اقدامات کئے جس کے نتائج آج تک ملک و قوم بھگت رہی ہے،۔۔خواجہ طارق نذیر نے کہاکہ دور حاضر میں ریاست میں ترقی و استحکام کا واحد راستہ آئین و قانون کی بالادستی کو تسلیم کرنے میں ہے گزشتہ روز سپریم کورٹ کا اکثریتی فیصلہ پارلیمنٹ کی بالادستی کی جانب ایک سنگ میل ہے،انہوں نے کہا کہ قوم 21اکتوبر کو نوازشریف کی وطن واپسی کی منتظر ہے تاکہ انکی قیادت میں ملک کی ترقی اور قوم کی خوشحالی کے سفر وہیں سے شروع کیا جائے جہاں2018 میں رکا تھا۔