کراچی(نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم میاں شہبازشریف نے کہاہے کہ شہری سندھ خصوصا کراچی کے لیے ہر وعدے کو پورا اور وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ہفتہ کو فیصل بیس پروزیراعظم شہباز شریف سے ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں متحدہ قومی مومنٹ کے وفد نے ن لیگ سے ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کا شکوہ کیا جبکہ سندھ میں گورنر کی تعیناتی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں معاہدے پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا اور ساتھ ہی مردم شماری ، انتخابی اصلاحات سمیت دیگر معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں بلدیاتی انتخابات میں انتخابی اتحاد سمیت مستقبل میں ورکنگ ریکیشن پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر ایم کیو ایم کی جانب سے پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے بطور ضمانتی وزیراعظم سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے وفاق کے تحت جاری منصوبوں خصوصاً کے فور اور ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کی درخواست کی ہے ۔ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شہری سندھ خصوصا کراچی کے لیے ہر وعدے کو پورا اور وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ایم کیو ایم کے وفد کی سربراہی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کررہے تھے جبکہ وفد میں کنور نوید جمیل ، وسیم اختر اور وفاقی وزیر امین الحق موجود تھے اور حکومتی وفد میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے۔