کراچی(نمائندہ خصوصی) کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ایک ماہ کے دوران 890 سے زائد افغانیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اوران کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں سے 890 افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار افغان باشندوں کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے یکم نومبر تک غیر قانونی طور پر مقیم تمام افغان باشندوں کو افغانستان واپس جانے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق جن افغان باشندوں کے پاس دستاویزات ہیں انہیں بھی مہاجر کیمپوں میں ہونا چاہیے۔ انہیں پراپرٹی خریدنے کی اجازت نہیں ہے۔