لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف ملکی ترقی کا آزمودہ برانڈ ہے، جب سب فیل ہو جاتے ہیں تو نواز شریف آتا ہے جو پھر سب ٹھیک کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر نائب صدر ن لیگ نے لاہور کے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں یونین کونسلوں کے عہدیداروں اور کارکنوں سے مرحلہ وار ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے، اس سلسلے میں انہوں نے یونین کونسل 123 اور 125 کے عہدیداروں اور کارکنوں کی ملاقات کی، جس میں یونین کونسلز کی سطح پر 21 اکتوبر کو قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، مریم نواز شریف نے یونین کونسل کے عہدیداروں اور کارکنوں سے مشاورت کی اور ان کی تجاویز لیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ 6 سال بعد نواز شریف قوم کو پورا سچ بتائے گا تو سارے پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے دفن ہوجائیں گے، کارکردگی میں نہ ہرا سکے تو جھوٹے الزام لگا کر، دھاندلی اور طاقت سے نواز شریف کو میدان سے ہی نکال دیا لیکن اللہ تعالی نوازشریف کو پھر واپس لے آیا، نوازشریف کو نکالنے والے نظام سے ہی نکل گئے یہ اللہ کا نظام ہے، حالاں کہ 6 سال تک جھوٹوں کو جھوٹ بولنے کی کھلی آزادی تھی جس سے ذہن گمراہ ہوئے، نواز شریف، ان کے خاندان، ان کی جماعت کو جھوٹے پراپگنڈے، بے بنیاد مقدمات سے ستایا گیا، عوام کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری سے ستایاگیا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو اقتدار سے نکالنے کی سزا ملک اور عوام کو ملی اور مل رہی ہے، نوازشریف 2017 میں گیا تو ملک کیا تھا اور چھ سال بعد آج ملک کیا سے کیا ہوگیا، نوازشریف گیا تو ترقی ، امن اور عوامی خوش حالی بھی چلی گئی۔