لاہور(نیوز ڈیسک)اینٹی کرپشن مقدمہ سے سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو ڈسچارج کرنے کو کالعدم قرار دینے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ کے بینچ نےمعذرت کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس شہرام سرور اور جسٹس علی ضیا باجوہ پر مشتمل بنچ نے پرویز الہی کی انٹر کورٹ اپیل پر سماعت کی۔عدالت نے درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی،فاضل بینچ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپیل پر سماعت کرنے سے معذرت کر لی۔درخواست گزار کی طرف سے آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے،اپیل میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سنگل بنچ کا فیصلہ حقائق اور قانون کے برعکس ہے،سنگل بینچ نے پرویز الہی کے وکلا کے قانونی نقاط کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا،جوڈیشل مجسٹریٹ کو کسی بھی ملزم کو ڈسچارج کرنے کا اختیار ہے۔ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے پرویز الہی کو ڈسچارج کرنے کا فیصلہ بحال کیا جائے،کیس کے فیصلے تک سنگل بینچ کا حکم معطل کیا جائے۔