کابل (نمائندہ خصوصی) افغانستان کے صوبے ہرات میں گزشتہ روز شدید زلزلہ آیا جو 2 ہزار سے زائد انسانی جانوں کو نگل گیا۔افغان حکام کے مطابق صوبے ہرات میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی جس کے سبب انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ بادغیس اور فرح صوبے میں بھی آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔افغان حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ زلزلے کی وجہ سے ایک ہزار افراد زخمی جبکہ 2 ہزار سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ترجمان ڈپٹی گورنمنٹ کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں زندہ جان اور غوریان اضلاع کے ہرات کے 12 دیہاتوں میں600 سے زائد گھر تباہ اور 4200 افراد متاثر ہوئے جبکہ ملبے سے مزید لوگوں کو نکالنے کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ترجمان ڈپٹی گورنمنٹ نے مزید بتایا کہ بدقسمتی سے زلزلے میں ہونے والی اموات بہت زیادہ ہیں اور زلزلے کے باعث ہرات کے خوفزدہ شہری سڑکوں پر موجود ہیں۔دوسری جانب افغانستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائق کی جانب سے ملبے تلے دبے مزید افراد کی اموات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔