اسلام آباد (کامرس رپورٹر) یوٹیلیٹی اسٹورز پر ایک بار پھر چینی کا بحران پیدا ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کا اسٹاک تقریباً ختم ہوگیا ہے اور نئی خریداری تاحال نہیں ہو سکی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شہری یوٹیلیٹی اسٹورزپر سبسڈی والی سستی چینی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ فوری خریداری نہ ہونے کی وجہ سے چینی کا بحران طویل بھی ہو سکتا ہے۔ چینی کے بحران کی وجہ بتاتے ہوئے ذرائع نے کہا کہ خریداری میں مشکلات کے باعث چینی کی قلت ہوئی، یوٹیلیٹی اسٹورز نے مہنگی بولی کے باعث حال ہی میں2 ٹینڈرز منسوخ کیے اور کچھ ٹینڈرز میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو بولیاں ہی موصول نہیں ہوئیں۔ ذرائع یوٹیلیٹی اسٹورز نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی کی خریداری کیلئے کوششیں جاری ہیں، آئندہ ہفتے 40 ہزار ٹن چینی کا اوپن ٹینڈر کھولا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر حالیہ دنوں میں تقریباً ایک ماہ چینی کی دستیابی رہی، اس سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز پر 2 ماہ چینی کا بحران رہا تھا جس کے باعث ملک بھر میں چینی کی قیمت بھی بڑھ گئی تھی۔