کراچی(رپورٹ :فیاض آرائیں )کراچی کو بے ہنگم تعمیرات اور کنکریٹ کا جنگل بنانے والی پٹہ،پیکیج اور ٹھیکیدار مافیا نے تعمیراتی صنعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا،غیر قانونی پورشنز کے ذریعے پورے شہر کے انفراسٹرکچر کو آئی سی یو میں دھکیلنے والی ٹھیکیدار مافیا اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف کارروائی سست روی کا شکار، شہر بھر میں پورشن مافیا کا کاروبار بند نہ ہوسکا، ملک کو اربوں کا ریونیو اورشہریوں کو قانونی گھر بناکر دینے والے بلڈرز کاکاروبار ٹھپ جبکہ غیر قانونی تعمیرات کرنے والی ٹھیکیدار مافیا روز بروز پھلنے پھولنے لگی۔تفصیلات کے مطابق میٹروپولیٹن سٹی کراچی میں رہائشی مکانات پر غیر قانونی تعمیرات اور انہیں پلازوں میں تبدیل کرنے والی پٹہ،پیکیج اور ٹھیکیدار مافیا کیخلاف کارروائی کے دعوﺅں کے باوجود شہر بھر میں خلاف ضابطہ تعمیرات کا سلسلہ ہنوز جاری ہے،اس سلسلے میں گذشتہ دنوں ڈی جی ایس بی سی اے کی جانب سے7پرائیوٹ افراد اور دو ایس بی سی اے افسران کو غیر قانونی تعمیرات میں ملوث قرار دیکر پولیس چیف سے ان کیخلاف کارروائی کی استدعا کی گئی تھی ،تاہم پورشن مافیا کو اس اقدام سے کوئی فرق نہیں پڑسکا ہے اور شہر کے تمام ٹاﺅنز میں غیر قانونی پورشن کی تعمیرات تیزی سے جاری ہیں اور یہ ٹھیکیدار مافیا اپنے منظم نیٹ ورک کے ذریعے شہریوں کے اربوں روپے ہڑپ کرنے میں مصروف ہیں،گلبرگ ٹاﺅن میں ڈیڑھ سو سے زائد رہائشی پلاٹوں پر غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے، زرائع کا کہنا ہے کہ پلاٹ نمبر 779 بلاک 9 گلبرگ ٹاﺅن پر مبینہ بھاری نذرانوں کے عیوض رہائشی پلاٹ پر تیسرے فلور کی تعمیرات کرلی گئی ہیں ،اسی طرح گلبرگ ٹاﺅن کے پلاٹ نمبر800 بلاک 9 پر غیر قانونی تین فلور کے ساتھ ساتھ کمرشل دکانیں بھی تعمیر کی گئی ہیں،ٹھیکیدار مافیا نے اپنی غیر قانونی تعمیرات کے ایلی ویشن کو پرانا دکھاکر کارروائی سے محفوظ کررکھا ہے،مذکورہ تعمیرات ٹھیکیدار سسٹم کے تحت عمل میں لائی گئی ہے،اسی طرح لیاقت آباد کے پلاٹ نمبرT-10 سی ایریا میں غیر قانونی پانچویں فلور کی تعمیرات جاری ہیں،پلاٹ نمبرT-20 پر بھی پانچواں غیر قانونی فلور تعمیر کیا جارہا ہے،اسی طرح پلاٹ نمبر 17/20،پلاٹ نمبر18/20سی ون ایریا لیاقت آباد میںپٹہ اور پیکیج سسٹم کے تحت غیر قانونی تیسرے فلور کی تعمیرات جاری ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک نامی شخص مذکورہ غیر قانونی تعمیرات کا سسٹم چلانے میں مصرف ہے۔اسی طرح نارتھ ناظم آباد،ناظم آباد،لیاقت آباد،پی ای سی ایچ ایس،صدر،نارتھ کراچی،ملیر،شاہ فیصل،کورنگی،لانڈھی،گارڈن ایسٹ،گارڈن ویسٹ سمیت دیگر علاقوں میں بھی رہائشی پلاٹوں پر کمرشل فلیٹس تعمیر کئے جارہے ہیں،ایس بی سی اے کی ڈیمالیشن ٹیم کی جانب سے تاحال ان کیخلاف کاسمیٹکس کارروائیاں کئے جانے کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں،موجودہ صورتحال میں ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے کو کرپٹ افسران غلط بریفنگ دیکر اپنا لوٹ مار کا سسٹم چلانے میں مصروف ہیں،ایس بی سی اے کی جانب سے غیر قانونی پورشن مافیا کیخلاف کارروائی کے اعلان پر کراچی کے شہریوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا تھا تاہم اس سلسلے میں انہدامی کارروائیاں انتہائی سست روی سے کی جارہی ہیں جس کے باعث ٹھیکیدا مافیا پیکیج اور پٹہ سسٹم کی کوششوں سے اپنی غیر قانونی تعمیرات کو جلدی جلدی مکمل کرکے سادہ لوح شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔شہری حلقوں نے ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے سے غیر قانونی پورشن کے فوری خاتمے کیلئے بے رحمانہ کارروائیوں کا مطالبہ کیا ہے۔.