کراچی(نمائندہ خصوصی) ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ (سیپا) کے ڈائریکٹر جنرل نعیم احمد مغل نے کورنگی میں واقع گلوبل انوائرنمنٹل لیب کی صنعتی زہریلا فضلہ ٹھکانے لگانے کی سائنسی بھٹی (انسنریٹر) کا دورہ کیا اور پورے عمل کو بذات خود جائزہ لیا جو مختلف اقسام کے صنعتی فضلے کے محفوظ بندوبست کو یقینی بنانے کے لیے سیپا کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔دورے کا مقصد خطرناک فضلے کو مجوزہ محفوظ طریقوں سے ٹھکانے لگانے کے طریقہ کار پر کڑی نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ مذکورہ طریقوں کو ماحولیاتی معیارات کے عین مطابق بنواتے ہوئے انسانی صحت اور ماحول کو ان کے اثرات سے پاک رکھنا ہے۔ اس کے علاوہ طبی فضلے سمیت ہر قسم کے خطرناک فضلے کو سائنسی بھٹی سے گزار کر ان کے مضر صحت اثرات ختم کرنے کے بعد انہیں ٹھکانے لگانے کو ہر سطح پر رائج کرنا بھی سیپا کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
مذکورہ سارے عمل کی کڑی ماحولیاتی نگرانی یقینی بنانے کے لیے سیپا کا عملہ زہریلے فضلے کے محفوظ بندوبست کے تمام مدارج کے دوران ہونے والی ہر سرگرمی کا اندراج کرتا ہے اور تھوڑی سی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ادارے کی سختی سے باز پرس کی جاتی ہے۔
ڈی جی سیپا کے گلوبل انوائرنمنٹل لیب کے دورے کا مقصد بھی تمام امور کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ دفتر میں باقاعدگی سے پہنچنے کے باوجود سائٹ پر ساری سرگرمی کی براہ راست نگرانی کرنا تھا کیونکہ اتنے خطرناک فضلے سے برتائو کرتے ہوئے ذرا سی بھول چوک بھی بہت بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے