اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سائفر کیس میں جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی جوڈیشل کمپلیکس میں طلبی سے متعلق وزارتِ قانون کو خط لکھ دیا۔منگل کو جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے خط لکھا کہ موجودہ صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی جوڈیشل کمپلیکس طلبی پر سیکیورٹی رسک تو نہیں؟جج نے وزارتِ قانون سے سوال کیا ہے کہ سائفر کیس کے جیل ٹرائل سے متعلق آپ کیا سمجھتے ہیں؟خط کے متن کے مطابق عدالت سائفر کیس کا ٹرائل اڈیالا جیل میں کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔جج ابوالحسنات نے کہا کہ صورتِ حال دیکھتے ہوئے سائفر کیس کی سماعت کے لیے مناسب نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔خط میں درخواست کی گئی کہ سائفر کیس کی (آج)بدھ کو سماعت اور جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیں۔