کراچی(نمائندہ خصوصی) سیکریٹری داخلہ سندھ محمد اقبال میمن نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیااس موقع پر ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی ڈاکٹر مقصود احمد، کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈاکٹر فرخ علی اور دیگر سینئر افسران نے ان کا ستقبال کیا جبکہ ایس ایس یو کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ سیکریٹری داخلہ سندھ نے ڈی آئی جی سیکیورٹی اور کمانڈنٹ ایس ایس یو کے ہمراہ ایس ایس یو کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ایس ایس یو کی موجودہ پیشہ وارانہ مہارت اور انتظامات کو سراہا۔ سیکریٹری داخلہ سندھ نے ایس ایس یو کانفرنس ہال میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد نے سیکیورٹی ڈویژن کے مختلف یونٹس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈی آئی جی سیکیورٹی نے یونٹس میں بین الاقوامی معیار برقرار رکھنے پر یونائیٹڈ کنگڈم ایکریٹیڈیشن سروس (UKAS) کی جانب سے ایس ایس یو اور مددگار-15 کو ISO سرٹیفیکیشن جاری کرنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔اجلاس میں کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈاکٹر فرخ علی، ایس ایس پی سیکیورٹی-II سید سلمان حسنین، ایس پی ایف ایس سی عبداللہ میمن، ایس پی مددگار-15 غلام نبی کیریو، ایس پی ایس ایس یو انیل حیدر اور سیکیورٹی ڈویژن کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔مزید برآں سیکریٹری داخلہ سندھ نے S.W.A.T ٹیم کی جانب سے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے فرضی مشقوں کا مشاہدہ بھی کیا۔ڈی آئی جی سیکیورٹی نے سیکریٹری داخلہ سندھ کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔