اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وفاقی وزیرا طلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کا نگران حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے ،انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔ملک کو تباہی نہیں ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا، معروف مصنف ڈاکٹر فاروق عادل کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کتاب کی تقریب رونمائی پر ڈاکٹر فاروق عادل کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کتاب میں ملکی تاریخ سے متعلق پہلوﺅں پر روشنی ڈالی گئی ہے، جو قومیں تاریخ سے نہیں سیکھتیں وہ نقصان اٹھاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت کا تعین ضروری ہے، ہم الیکشن کے مرحلے میں جا رہے ہیں، ملک کو ہر شعبے میں آگے لے جانے کی ضرورت ہے، ایسی تقاریب ملک کے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوتی ہیں، ملک کو تباہی نہیں ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک بڑی جماعت کے رہنما ہیں، مولانا فضل الرحمان کا بیان الیکشن کمیشن نے دیکھ لیا ہوگا، وہی اس کا مناسب جواب دیں گے، انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے، ہم الیکشن کمیشن کی معاونت کرنے کے ذمہ دار ہیں، نواز شریف کی واپسی کا نگران حکومت سے کوئی تعلق نہیں، چین اور پاکستان کے تعلقات سدا بہار ہیں اور ان کا مستقبل بہت شاندار ہے۔