لاہور (نمائندہ خصوصی) چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ملک اور قوم کو مسائل سے نکالنے کا ایجنڈا تیار کر لیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کا گلگت بلتستان میں بڑا ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس سے سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔کنونشن سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ کنونشن گلگت بلتستان کے عوام کا نواز شریف کے حق میں ریفرنڈم ہے، گلگت بلتستان کے عوام کی محبت کا جواب نواز شریف ترقی کی صورت میں دیں گے، گلگت بلتستان اور یہاں کے بہادر اور وفا شعار عوام ہمارا فخر ہیں۔سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ پاکستان کو ترقی دی، مہنگائی سے جان چھڑائی، مسلم لیگ ن ہمیشہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لائی، نواز شریف گلگت بلتستان سمیت تمام پاکستان کو امن دیں گے، دہشت گردی سے نجات دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن نے سابق حکومت میں لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی ختم کی تھی، پھر قوم کو ان عذابوں سے نجات دیں گے، نواز شریف وعدوں کی تکمیل کا نام ہے، عوام ہمیں ووٹ دیتے ہیں تو نواز شریف کی قیادت میں ہماری حکومت ہمیشہ ڈلیور کرتی ہے۔