فیصل آباد(نمائندہ خصوصی)جمعیت علماءاسلام پاکستان کے قائد مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے اپنی سیاست ریاست پر قربان کر دی ہے،ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بھی بچایا ہے تاجر محب وطن اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،حکومت کسی کی بھی ہو،تاجروں کو اعتماد میں لیکر ٹریڈ پالیسیاں بنائی جائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ملکی ریونیو میں اضافہ نہ ہو اور تاجروں کی مشکلات میں خاطرخواہ کمی نہ ہو پی ٹی آئی کا الیکشن کے بغیر بھی کوئی مستقبل نہیں‘ ساڑھے تین سال میں سترہ ارب سے دو ارب ڈالر تک فارن ریزرو لائے اور ملک کو تباہ کیا ،آن لا ئن کے مطا بق ان خیالات کا اظہار جمعےت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر حاجی محمد عابد کی رہائش گاہ پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے نائب اورسپریم انجمن تاجران کے صدر حاجی اسلم بھلی‘ جنرل سیکرٹری رانا ایوب منج‘ ریلوے روڈ کے صدر حاجی احسان‘ جنرل سیکرٹری آفتاب بٹ و دیگر تاجر رہنماﺅں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا‘ اس سے قبل حاجی محمد عابد نے اپنی رہائش گاہ آمد پر امیر جمعیت علماءاسلام پاکستان مولانا فضل الرحمن کا پرتپاک استقبال کیا‘ گل پاشی کی اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے‘ حاجی محمد عابد نے امیر جمعیت علماءاسلام پاکستان مولانا فضل الرحمن سے تاجررہنماﺅں کا تعارف کروایا‘ مولانا فضل الرحمن نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوری ایسا مہینہ ہے جہاں شمالی علاقوں میں بہت زیادہ سردی اور برفباری ہوتی ہے،جنوری کا مہینہ میرے خیال سے الیکشن کے لیے کوئی اچھا وقت نہیں، شمالی علاقوں میں جب لوگ سردی کی وجہ سے ووٹ ہی نہیں ڈال سکیں گے تو پھر کیسا الیکشن ہوگا‘ تحریک انصاف کے ساڑھے تین سالہ دور حکومت نے ملک کو اس قدر نقصان پہنچایا ہے جسے ٹھیک کرنے میں دس سال لگیں گے‘ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے اپنے 16 ماہ کے دوران ملکی معیشت کو نہ صرف ٹھیک کیا بلکہ ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بھی بچایا ہے‘ ہم نے اپنی سیاست ریاست پر قربان کر دی ہے‘ میری عوام سے اپیل ہے کہ آنےو الے انتخاب میں کھرے اور کھوٹے کی پہچان کر کے ووٹ دیں‘ عوام کا ایک غلط فیصلہ ملک کو دوبارہ کسی بڑے بحران میں مبتلا کر سکتا ہے‘ اس موقع پر میزبان حاجی محمد عابد‘ سپریم انجمن تاجران کے صدر حاجی اسلم بھلی‘ جنرل سیکرٹری رانا ایوب منج نے مولانا فضل الرحمن سے کہا کہ تاجروں کے مسائل کو ہر فورم پر اٹھائیں‘ حکومتی ایوانوں پر آپ کی دسترس ہے ہم چاہتے ہیں تاجروں کو درپیش مسائل کو حل کیا جائے اور انہیں ریلیف پہنچانے کیلئے شارٹ ٹرم پالیسیاں بنائی جائیں‘ تاجر طبقے کا ہرممکن تعاون آپ کے ساتھ ہے۔