لاہور/اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نگران حکومت کی طرف سے پیٹرول کی قیمت میں پچاس روپے فی لیٹر اضافے کے بعد آٹھ روپے کمی قوم کے ساتھ مذاق ہے عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت اور ڈالر کی قیمت میں کمی کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا حکومت عوام کو تکلیف دینے کی بجائے ریلیف دیں اور پیٹرول کی قیمت 150 روپے فی لیٹر مقرر کرئے۔امیر جماعت اسلامی نے موجودہ ملکی صورت حال کا ذمہ دار تینوں حکمران پارٹیوں کو ٹھہرایا اور کہا کہ پی ڈی ایم،پیپلز پارٹی،پی ٹی آئی کی حکومتوں میں کرپشن،بد انتظامی،لاقانونیت کی بدولت ہر دن پاکستانیوں کی تباہی کا مقدر بنا ہے۔1994 میں پیپلز پارٹی نے آئی پی پی ایز کیساتھ جو معاہدے کیے وہ ایسٹ انڈیا کمپنی کو بھی مات دے گئے اور مسلم لیگ ن کی حکومت نے ان معاہدوں کو مزید پروان چڑھایا،پی ٹی آئی حکومت نے بھی ان ملک و عوام دشمن منصوبوں پر اپنی آنکھیں بند رکھیں۔آج زرعی ملک میں روٹی 25 روپے اور بجلی 52 روپے فی یونٹ ہونے سے عوام خود کشیاں،خود سوزیاں کر رہے ہیں بجلی کے بل ان کے لیے موت کا پروانہ بن رہے ہیں۔حکمرانوں کے کتے،بلیاں،گھوڑے ائیر کنڈیشنڈ کمروں میں جبکہ 25 کروڑ عوام کے چہروں پر مسکراہٹ غائب ہو گئی ہے۔صدر،وزیر اعظم سے لے کر سپاہی تک اعتراف کرتے ہیں کہ ملکی حالات خراب ہیں لیکن کوئی ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں ہے حالانکہ حقیقت میں یہی سیاسی،معاشی دہشت گرد ملک کی معاشی ،زرعی ،اخلاقی ،سماجی بربادی کے ذمہ دار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جو ہر ٹاو¿ن میں جماعت اسلامی حلقہ این اے 126 کی جانب سے عوامی ناشتہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم،امیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیا الدین انصاری،امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبد العزیز عابد،امید وار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 167 عبد القیوم گجر و دیگر بھی موجود تھے۔